بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت لی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے، جو ایک اچھا مجموعہ تھا، مگر بھارتی ٹیم نے 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گری جب وِل ینگ کو ورون چکراورتھی نے آؤٹ کیا۔ 69 کے مجموعے پر راچن رویندرا اور 75 کے اسکور پر کپتان کین ولیمسن بھی پویلین لوٹ گئے۔ ٹام لیتھم 165 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین فلپس 34 رنز بنا کر چکراورتھی کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
ڈیرل مچل نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن 211 کے مجموعے پر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان مچل سینٹنر 8 رنز بنا کر 239 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی اننگز
251 رنز کے تعاقب میں بھارت کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ روہت شرما اور شبمن گل نے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ شبمن گل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ روہت شرما نے 76 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
ویرات کوہلی صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن شریاس آئیر (48) اور کے ایل راہول (34 ناٹ آؤٹ) نے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ ہاردک پانڈیا نے 18 اور اکشر پٹیل نے 29 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ بھارت نے اس سے قبل 2002 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی جبکہ 2013 میں انگلینڈ کو شکست دے کر دوسری بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اس فتح کے ساتھ بھارت نے ایک بار پھر اپنی کرکٹ برتری ثابت کر دی۔

