آئی سی سی کا ورلڈ کپ 2027 کے لیے 12 وینیوز اور نئے فارمیٹ کا باضابطہ اعلان

جوہانسبرگ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027ء کے لیے 12 میزبان وینیوز اور ایونٹ کے نئے فارمیٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ میگا ایونٹ 24 سال بعد دوبارہ افریقی سرزمین پر منعقد ہو رہا ہے، جس کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔

جوہانسبرگ میں منعقدہ پروقار تقریب میں ٹورنامنٹ کی باضابطہ برانڈنگ “Three Nations, One Heartbeat” بھی متعارف کرائی گئی، جو تینوں میزبان ممالک کے اتحاد اور مشترکہ ثقافت کو ظاہر کرتی ہے۔

میزبان وینیوز کی فہرست:

  • جنوبی افریقا (8 وینیوز): وانڈررز اسٹیڈیم (جوہانسبرگ)، سینچورین (تشوانے)، نیولینڈز کرکٹ گراؤنڈ (کیپ ٹاؤن)، کنگزمیڈ (ڈربن)، سینٹ جارجز پارک (گکیبیرا)، مانگاؤنگ اوول (بلوم فونٹین)، بولینڈ پارک (پارل)، بفیلو پارک (کوگومپو سٹی)۔
  • زمبابوے (3 وینیوز): ہرارے اسپورٹس کلب (ہرارے)، کوئنز اسپورٹس کلب (بلاوایو)، فیلے موسی اوآ تونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم (وکٹوریہ فالز)۔
  • نمیبیا (1 وینیو): نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ (ونڈہوک)۔

ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے:

  • سپر سیریز (پہلا مرحلہ): رینکنگ میں 12ویں سے 14ویں نمبر والی 3 ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جس کی فاتح اگلی مرحلے میں جائے گی۔
  • گروپ اسٹیج (دوسرا مرحلہ): 12 ٹیموں کو 6، 6 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپس کی ٹاپ 3، 3 ٹیمیں اور چوتھی پوزیشن والی بہتر ٹیم سپر سیون مرحلے میں پہنچیں گی۔
  • سپر سیون اور ناک آؤٹ: 7 ٹیموں کے درمیان 21 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ 24 سال بعد افریقہ میں ورلڈ کپ کا انعقاد عالمی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ یہ ایونٹ افریقی ثقافت اور مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔ تقریب میں گریم اسمتھ، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما، کاگیسو ربادا اور ہیملٹن مساکادزا سمیت متعدد نامور کرکٹرز نے شرکت کی۔