کراچی: سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج کو تاریخ میں ’فارم 47 پلس‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو اور جاری بیان میں شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر تاریخی دھاندلی کے ذریعے ‘خیراتی مینڈیٹ’ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے 2024ء میں بھی ن لیگ کو مسترد کیا تھا اور 2026ء میں بھی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، تاہم جعلی مینڈیٹ سے حکومتیں تو بنائی جا سکتی ہیں لیکن عوامی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پی پی پی سے شکوہ کرنے سے پہلے آزاد کشمیر میں حالات کا جائزہ لینا چاہیے؛ انتخابی بے ضابطگیوں پر آواز اٹھانا ہمارا جمہوری حق ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اصولوں اور سیاسی رواداری کا احترام کیا ہے اور وہ کسی جماعت سے دشمنی نہیں چاہتی، لیکن جمہوریت کے نام پر دھاندلی قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کا موازنہ کرنا درست نہیں، انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کرنا جمہوری سیاست کا حصہ ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تمام اکائیوں کے حقوق، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور ووٹ کے تقدس کی بات کی ہے۔ مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب طاقت کا بے جا استعمال کر کے عوامی مینڈیٹ کو کمزور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

