امریکا کی پہلی ترجیح تیل و گیس کی قیمتیں کم رکھنا اور دوسری ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے روکنا ہے: نائب صدر جے ڈی وینس

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا کی پہلی ترجیح ملکی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں کو کم رکھنا، جبکہ دوسری ترجیح ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نائب صدر جے ڈی وینس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ کے دوران امریکا اپنے ان دونوں اہم اہداف کے حصول کے لیے پیش رفت کر رہا ہے۔

جے ڈی وینس نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات فطری طور پر انتہائی غیر یقینی کا شکار ہیں کیونکہ خود ایرانی حکومت کا رویہ غیر متوقع ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایرانی حکام بعض اوقات ان تمام وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری نہیں کرتے جو انہوں نے عالمی سطح پر کیے ہوتے ہیں۔

امریکی نائب صدر کے اس بیان کو خطے میں جاری توانائی بحران اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔