کالعدم ایکشن کمیٹی کا بیانیہ مسترد ہونے پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار، ایل او سی پر ویڈیوز چلا کر گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے غیور عوام کی جانب سے کالعدم ایکشن کمیٹی کے ریاست مخالف بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کے بعد سہولت کار بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر خود کھل کر سامنے آ گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 13 اور 14 اگست کو پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ایل او سی سے محض 75 میٹر کے فاصلے پر واقع کیرن سیکٹر میں قابض بھارتی فوج نے بڑی اسکرینیں نصب کر کے کالعدم انتشاری کمیٹی اور اس کے سرغنہ امان کی حمایت میں ویڈیوز چلائیں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مناظر اور دفاعی ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان کا 79واں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش سے منا کر بھارتی ایجنڈے کو خاک میں ملا دیا، جس کی مایوسی میں بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر ایسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ ایل او سی پر کالعدم کمیٹی کے مواد کی نمائش نے بھارت اور ریاست مخالف عناصر کے درمیان بنے خطرناک گٹھ جوڑ کو عالمی سطح پر طشت از بام کر دیا ہے۔

دوسری جانب 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف مکمل یومِ سیاہ منایا گیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی بالخصوص سری نگر کو قابض انتظامیہ نے مکمل فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا تھا، جبکہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے آزادی چوک کے علاوہ میرپور، نیلم، نکیال اور سماہنی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھارتی مظالم اور غصب شدہ حقوق کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔