خضدار کے پہاڑی علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: 10 دہشت گرد ہلاک، متعدد زخمی

خضدار: سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کے ضلع خضدار کے پہاڑی سلسلے ‘شور پرود’ میں شاندار کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو شدید زخمی کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شور پرود کے پہاڑی علاقے میں ‘فتنۃ الہندوستان’ کی موجودگی اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی مصدقہ اطلاع پر فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کا آغاز کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر مؤثر اور سخت کارروائی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تین مختلف گروپوں کی صورت میں علاقے میں چھپے ہوئے تھے، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 10 شرپسند ہلاک جبکہ ان کے کئی ساتھی زخمی ہو گئے۔

کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش اور ممکنہ ٹھکانوں کا صفایا ممکن بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک تعاقب اور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ملک میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔