یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان سول ایوارڈز 2026 کا اعلان، 355 شخصیات نامزد

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 355 ملکی و غیر ملکی شخصیات کو ‘پاکستان سول ایوارڈز 2026’ عطا کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نامزد شخصیات کو یہ اعلیٰ سول اعزازات آئندہ سال 23 مارچ 2027ء کو ‘یومِ پاکستان’ کے موقع پر منعقد ہونے والی خصوصی پروقار تقریب میں دیے جائیں گے۔

پبلک سروس کے شعبے میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر احد خان چیمہ اور وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی کو نشانِ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ راشد محمود لنگڑیال کو ہلالِ امتیاز، جبکہ چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو تمغہِ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ڈرامہ و ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف پروڈیوسر سلطانہ صدیقی کو ہلالِ امتیاز، جبکہ اداکارہ نشو بیگم، گلوکارہ ترنم ناز اور نامور کامیڈین افتخار ٹھاکر کو ستارہِ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ اداکارہ ثانیہ سعید، ماریہ واسطی، محمود اسلم اور گلوکار ذوہیب حسن کے لیے صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی (پرائیڈ آف پرفارمنس) اور گلوکار شیراز اپل و میزبان نورالحسن کو تمغہِ امتیاز دیا جائے گا۔

کھیلوں کے شعبے میں انٹرنیشنل شوٹر کشمالہ طلعت، کرکٹر صادق محمد اور اسکواش پلیئر نور زمان کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔ صحافت کے شعبے میں سینئر صحافی صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کو ستارہِ امتیاز جبکہ عمار مسعود، ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حماد حسن کو تمغہِ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی شخصیات میں سعودی شہزادے سعود بن نائف کو ہلالِ پاکستان، جبکہ ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان، وزیرِ دفاع یاسر گلار اور وزیرِ تجارت عمر بولاٹ کو ستارہِ پاکستان دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو بعد از مرگ نشانِ قائدِ اعظم دیا جائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہدا کو ستارہِ شجاعت اور زوبیہ خورشید راجہ کو زخمی پولیس اہلکار کی جان بچانے پر تمغہِ شجاعت سے نوازا جائے گا۔