پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ممکنہ مارچ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ضلع خیبر سے باقاعدہ اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ دعویٰ کیا ہے کہ اس تحریک کے تحت 20 لاکھ سے زائد افراد اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
جمرود میں کارکنان کے پرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ 27 ستمبر کے لیے اسٹریٹ موومنٹ کا باضابطہ آغاز بابِ خیبر سے ہو چکا ہے اور اس کا حتمی اختتام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگا۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ اس تحریک کا نام ’انصاف کے ساتھ‘ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تحریک کا بنیادی مقصد بانی تحریکِ انصاف کی رہائی، ملک میں امیر و غریب کے لیے یکساں قانون کی بحالی اور جابر و ظالم کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو 27 ستمبر کو تاریخ اور ملکی تقدیر بدلنے کے لیے گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ کے پی کے مطابق "عمران خان رہائی موومنٹ” کی رکنیت سازی 5 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جس میں سب سے زیادہ ممبرشپ صوبہ پنجاب سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ انصاف کے نظام کی ابتری کے باعث عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں اور نوجوانوں کا جنون جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کو آئینہ دکھائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گزشتہ ہفتے پشاور کے ایک عوامی جلسے کے دوران 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف باقاعدہ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

