ڈرون اور میزائل حملوں کا خطرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیو جرسی گالف کلب پر ایئر ڈیفنس سسٹم تعینات

واشنگٹن: ممکنہ ڈرون اور میزائل حملوں کے سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے بیڈمنسٹر میں واقع صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نجی گالف کلب پر جدید ترین فضائی دفاعی نظام (Air Defense System) تعینات کر دیا گیا ہے۔

امریکی دفاعی خبر رساں ویب سائٹ ‘دی وار زون’ کے مطابق بیڈمنسٹر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی گالف کھیلنے کے دوران کی ایسی ویڈیوز اور تصاویر منظرِ عام پر آئی ہیں جن میں ان کی سیکیورٹی کے لیے شارٹ رینج "ایونجر” (Avenger) ایئر ڈیفنس سسٹم اور "سینٹینل” (Sentinel) ایئر ڈیفنس ریڈار کو متحرک دیکھا جا سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے حکام نے ان تصاویر اور فوٹیجز کے اصلی ہونے کی باقاعدہ تصدیق کی ہے۔

سیکیورٹی خدشات اس وقت مزید شدید ہو گئے جب گزشتہ اتوار کو گالف کلب کے گرد قائم عارضی "نو فلائی زون” میں دو سویلین طیارے داخل ہو گئے۔ نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (NORAD) کے ایف-16 (F-16) لڑاکا طیاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں طیاروں کو روک کر ممنوعہ فضائی حدود سے بحفاظت باہر نکال دیا۔ ‘نوراد’ نے تمام سول پائلٹوں کو ہدایت کی ہے کہ پرواز سے قبل ‘نوٹم’ (NOTAM) کا لازمی جائزہ لیں۔

قبل ازیں، وائٹ ہاؤس نے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بیڈمنسٹر میں امریکی فوجیوں کے ساتھ گفتگو کرتے دکھایا گیا۔ صدر ٹرمپ نے وہاں موجود دفاعی نظام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزاحاً کہا کہ "مجھے ڈرونز یا میزائلوں کی فکر نہیں ہے”، جس پر ایک فوجی اہلکار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ "ہم نے اس کا مکمل انتظام کر رکھا ہے”۔