مادرِ وطن کے دفاع کے لیے عزم غیر متزلزل ہے: 79ویں جشنِ آزادی پر مسلح افواج کا قوم کو پیغام

راولپنڈی: مسلح افواجِ پاکستان نے قوم کو پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تمام تر اندرونی و بیرونی خطرات کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع یقینی بنانے کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل اور پختہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے مشترکہ طور پر قوم کو آزادی کی مبارکباد دی۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج ہر محاذ پر چاک و چوبند ہیں۔ بانیانِ پاکستان کے وژن اور سنہری اصول قوم اور افواج کو نظریہ پاکستان کی پاسداری کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ پیغام میں قوم میں اتحاد، یکجہتی اور برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت اور غازیوں و سابق فوجیوں کی خدمات کو تحسین و سلام پیش کیا گیا۔

یومِ آزادی کے اس تاریخی موقع پر سرحدوں، دشوار گزار پہاڑی سلسلوں اور ہر محاذ پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ملک کی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے دشمن کے سامنے مضبوط دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صرف سرحدوں کے نگہبان نہیں بلکہ پاکستان کے روشن، خوشحال اور ناقابلِ تسخیر مستقبل کے ضامن بھی ہیں، اور اپنی آخری سانس تک ارضِ پاک کی حفاظت کا فرض نبھاتے رہیں گے۔