ناروے کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: ناروے کے وزیرِ خارجہ ایسپن بارتھ ایدے (Espen Barth Eide) کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اگست 2026 کو ہونے والی اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی، ایران امریکا کشیدگی اور پاکستان و ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کو اجاگر کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب نارویجن وزیرِ خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور بحرانی صورتحال میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ اور جرات مندانہ کردار کی تعریف کی۔ دونوں شخصیات نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی روابط اور شراکت داری کو مزید توسيع دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔