اسلام آباد: پاکستان میں ماہِ ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ اور 12 ربیع الاول (عید میلاد النبیؐ) 26 اگست 2026 بروز بدھ کو ہوگی۔
ماہِ ربیع الاول کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں زونل کمیٹیوں کے نمائندوں، محکمہ موسمیات، وزارتِ مذہبی امور اور اسپارکو (SUPARCO) کے ماہرین نے شرکت کی۔
ملک بھر سے چاند کی رویت کی شہادتوں کا جائز لینے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے باضابطہ اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
اس سے قبل سپارکو اور محکمہ موسمیات نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ 13 اگست کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر اور غروبِ قمر کا وقفہ کم ہونے نیز بادلوں کی موجودگی کی وجہ سے چاند انسانی آنکھ یا دوربین سے نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
اجلاس کے دوران ابتدائی طور پر کوہسار کمپلیکس کی چھت پر جانے کی اجازت نہ ملنے کے باعث کمیٹی اور ماہرین نے پارکنگ میں دوربینیں نصب کر کے رویت کی کوششیں کیں، تاہم بادلوں اور عدم رویت کے باعث چاند نظر نہ آنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے بھی یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

