پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: اہم سرغنہ سمیت ‘فتنہ الہندوستان’ کے 5 دہشت گرد ہلاک

پنجگور: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت ایک اور بڑی اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ کے اہم سرغنہ سمیت 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی پنجگور کے علاقے سرکینی اور چھیدگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اور موصولہ اطلاعات پر کی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے اہم گروہی سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پنجگور اور گرد و نواح میں مقامی تاجروں اور عام شہریوں سے بھتہ خوری، لوٹ مار، اغوا برائے تاوان اور متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

علاقے میں فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر روپوش دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی فورسز نے صوبے کے 8 مختلف اضلاع میں کارروائیاں کر کے 15 خوارج کو ہلاک کیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔