پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی حاصل کرنا ہے، جبکہ ان کی رہائی آئین و قانون کے مطابق ہوگی۔
نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے انکشاف کیا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرنے والے لانگ مارچ کی قیادت وہ خود کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی ایک دن کا ایونٹ (One-Day Event) نہیں ہوگا اور مظاہرین اسلام آباد پہنچ کر واپس نہیں جائیں گے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ اس لانگ مارچ کا اعلان پی ٹی آئی اور اپوزیشن تحاریک کے اتحاد ‘تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان’ کے رہنماؤں سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، جبکہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اس تحریک کا حصہ ہوں گی۔
ڈیڑھ ماہ بعد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ موسم کی صورتحال اور مکمل عوامی تیاری کے لیے مناسب وقت درکار تھا، اسی لیے 27 ستمبر کی تاریخ منتخب کی گئی ہے۔

