کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کیں۔ ان کامیاب آپریشنز کے دوران 15 خوارج جہنم واصل ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فورسز کی ان کارروائیوں سے دہشت گردوں کے سپلائی نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی نقل و حرکت انتہائی محدود کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کر کے فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں اور عوام کی حمایت سے بلوچستان سے تمام دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی بلوچستان میں آپریشنز کی کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ کامیابی پورے ملک کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے دہرایا ہے کہ خطے میں مکمل امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

