الٹی گنتی والے خود سیدھے ہوجائیں گے، پیپلز پارٹی وفاق میں اسی تنخواہ پر کام کرے گی: رانا ثناء اللہ

باغ: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور دونوں کے رشتے کو کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی، جبکہ پیپلز پارٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وفاق میں "اسی تنخواہ پر کام کرے گی”۔

آزاد کشمیر کے اضلاع باغ اور حویلی میں ن لیگ کے انتخابی جلسوں اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں ن لیگ کو دو تہائی اکثریت کے لیے مزید 6 سیٹوں کی ضرورت ہے اور جلد 4 نئے "شیر” منتخب ہو کر اسمبلی پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ پی پی پی کو جہاں بھی انتخابی شکست کا سامنا ہوتا ہے، وہ دھاندلی کے الزامات لگانا معمول بنا لیتی ہے، تاہم وہ وفاق میں اپنی موجودہ حیثیت کے مطابق ہی کام جاری رکھے گی۔

کشمیر ایکشن کمیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کمیٹی میں شامل بیشتر لوگ ہمارے بھائی اور محب وطن ہیں، تاہم کچھ افراد کسی خاص ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الٹی گنتی کا دعویٰ کرنے والے خود بھی سیدھے ہو جائیں گے اور ان کی گنتی بھی سیدھی ہو جائے گی۔