راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی ‘فتنۃ الخوارج’ کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرنے والے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو ہنگو میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کے مؤثر محاصرنے اور شدید دباؤ کے باعث دہشت گردوں نے ایک مقامی مسجد میں پناہ لے کر عبادت گاہ کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے انتہائی حکمتِ عملی کے ساتھ 7 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نارووال سے تعلق رکھنے والے بہادر افسر کیپٹن حمزہ اکرم خوارج کا مسلسل تعاقب کرتے ہوئے اور جوانمردی سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی جرات اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ "عزمِ استحکام” وژن کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

