شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں متعدد خوارج ہلاک، ٹھکانے تباہ

شمالی وزیرستان: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ‘عزمِ استحکام’ وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں گزشتہ دو ماہ سے جاری انسدادِ دہشت گردی کی مؤثر کارروائیوں کے سلسلے میں شمالی وزیرستان کے علاقے ‘کھٹی کلی’ میں آپریشن کیا گیا۔

کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں متعدد خارجی دہشت گرد جہنم واصل جبکہ کئی شدید زخمی ہو گئے۔ ہلاک خوارج کے قبضہ و ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر عسکری سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشنز کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور عام شہریوں کے جان و مال کا مکمل تحفظ ممکن ہو سکے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔