جنوبی وزیرستان اور دیر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 خارجی ہلاک

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے اضلاع جنوبی وزیرستان اور دیر میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اگست کو پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی، جہاں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔ فورسز نے مؤثر جواب دیتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہو گئے۔

دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے اور وہ علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں وژن "عزمِ استحکام” اور قومی ایکشن پلان کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کی جا رہی ہیں اور علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

رہنماؤں نے عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور حکومت و قوم دہشت گردی کے خاتمے تک اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔