پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کی آمد: ہیوگو بینک کے پیڈ اپ کیپیٹل میں 1.5 ارب روپے کا اضافہ

اسلام آباد: پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ہیوگو بینک کے پیڈ اپ کیپیٹل میں 1.5 ارب روپے کے اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس سے بینک کے تجارتی اور کمرشل آغاز کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پاکستان اور سنگاپور کے سرمایہ کاروں کا کنسورشیم یہ پہلا ڈیجیٹل بینک قائم کر رہا ہے، جس میں اسپانسرز کی جانب سے مجموعی طور پر 60 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام کی اصولی منظوری حاصل کرنے والا ہیوگو بینک موبائل اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے برانچ لیس بینکاری سروسز فراہم کرے گا۔

ایس ای سی پی کے مطابق، اس اقدام سے پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں مقابلہ فضا کو فروغ ملے گا اور صارفین کو جدید، کم لاگت اور تیز رفتار مالیاتی خدمات میسر آئیں گی۔