پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتیں، ان کے ذاتی معالج سے علاج اور مقدمات پر منصفانہ سماعت شروع نہ ہوئی تو تحریک انصاف 27 ستمبر کو اسلام آباد کا رخ کرے گی۔
پشاور میں موٹروے کے قریب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی تباہی اور بدامنی کا شکار ہے۔
نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”کچھ لوگ آپ کو کاکروچ کہتے ہیں لیکن آپ اقبال کے شاہین ہیں۔ اپنے لیڈر کے لیے آپ کو باہر نکلنا ہوگا“۔
انہوں نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا میں ڈالرز اور جزیرے خریدنے کے لیے پختونوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور آئینی ترامیم کے بعد عدالتیں مفلوج ہو چکی ہیں، جس کے بعد اب صرف احتجاج کا ہی راستہ بچا ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا اور ریاست ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال بعد ”شہباز شریف اسپیڈ“ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا جنید اکبر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جیل سے نکال کر دوبارہ عوام کا وزیراعظم بنائیں گے۔

