پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی (جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی) کا 10واں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں برادر ممالک نے باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاک ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ (آزادانہ تجارت کے معاہدے) کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا تاکہ تجارتی سرگرمیوں میں وسعت لائی جا سکے۔

وزیرِ تجارت نے مزید کہا کہ سرحدی لاجسٹکس، کسٹمز اور کارگو کی نقل و حرکت میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام اور الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے نظام سے باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نجی شعبے کی پیشرفت کے لیے سازگار و قابلِ اعتماد ماحول فراہم کرے۔