نئی دہلی: بھارت میں میڈیکل کے داخلائ امتحانات (NEET-UG) میں پرچہ لیک کے تنازع پر جاری ملک گیر تحریک اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی ہے۔ بھارتی حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور تمام اہم مطالبات کی منظوری کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) نے اپنا احتجاج باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یونین منسٹر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی جے پی کے ترجمان سارو داس نے بتایا کہ حکومت نے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد طلبہ کے دیگر تمام مطالبات بھی تسلیم کر لیے ہیں۔
حکومت نے NEET امتحان منسوخ ہونے کے بعد خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہلخانہ کو باوقار معاوضہ فراہم کرنے، مظاہرین اور کارکنان پر درج تمام ایف آئی آرز منسوخ کرنے اور تعلیمی اصلاحات سے متعلق 5 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے آئندہ منگل تک مظاہرین کو تحریری ضمانت بھی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ تحریک مئی 2026 سے دارالحکومت نئی دہلی کے جنتر منتر پر جاری تھی، جس نے پورے بھارت کے 20 لاکھ سے زائد متاثرہ طلبہ اور بڑی اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا۔
مظاہرین نے امتحانی نظام میں شفافیت، آزاد امتحانی محتسب کے قیام، پرچہ لیک کرنے والوں کے لیے 10 سال سزا اور سخت سیکیورٹی فریم ورک کا مطالبہ کیا تھا۔
اگرچہ وزیر تعلیم کے استعفے کے بعد احتجاج کے مقام پر جشن کا ماحول رہا اور کچھ طلبہ نے "اگلی باری اب مودی کی” کے نعرے بھی لگائے، تاہم سی جے پی قیادت کی جانب سے تمام شرکاء کو پرامن طریقے سے گھروں کو لوٹنے اور احتجاج ختم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

