معرکہ حق میں افواج پاکستان نے جدید خود مختار نظام اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی ملکی خودمختاری کے دفاع اور سیکیورٹی کو مزید ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے جدید روبوٹکس اور خودمختار ٹیکنالوجی (Autonomous Technology) کا بھرپور استعمال کرے گا۔
اسلام آباد میں ‘انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو’ (Indus RAS) سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ملک میں روبوٹکس اور جدید سسٹمز کی ترقی کے لیے ‘سپارک اینڈ ایلیویٹ’ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ اس شعبے کے لیے 20 ملین ڈالر کا ‘پاکستان وینچر فنڈ’ قائم کر دیا گیا ہے۔
تقریب میں چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ ‘معرکہ حق’ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سربراہی میں مسلح افواج نے جدید آٹونومس سسٹمز اور سائبر سیکیورٹی کا کامیابی سے استعمال کر کے ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔
انہوں نے فخریہ طور پر بتایا کہ پاکستان میں سیمولیٹرز (Simulators) 100 فیصد جبکہ ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری کی صلاحیت حاصل کر لی گئی ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کا انقلاب صرف بڑے شہروں یا کارپوریشنز تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کے ثمرات سے کسانوں، چھوٹے کاروباریوں اور خواتین کو بھی فائدہ پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی ٹیکنالوجی خود تیار کرے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور روبوٹکس کا فروغ ملکی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور پاکستان آنے والے دنوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور روبوٹکس کی تمام ویلیو چینز میں خودکفالت حاصل کرے گا۔

