اسلام آباد: وفاقی حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں کی جانے والی ہڑتال مؤخر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے اہم اجلاس میں حکومت نے ڈیلرز کے تحفظات اور مطالبات کا جائزہ لیا اور انہیں تحریری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت اور عوام دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلرز کے مارجن میں اضافے سے متعلق ایک سمری جلد وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی اور آئندہ دو ہفتوں کے اندر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ساتھ مل کر تمام مسائل حل کر لیے جائیں گے۔
مزید برآں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے نظام کو بھی فی الحال دو ہفتوں کے لیے ٹرائل بیسز پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان کے بنیادی مطالبات تسلیم کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی ہے، جس کی بنیاد پر کل سے شروع ہونے والی غیر معینہ مدت اور 24 گھنٹے کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ فی الحال مؤخر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ 14 دنوں کے اندر ڈیلرز مارجن اور یومیہ نرخ کا معاملہ باہمی رضامندی سے خوش اسلوبی کے ساتھ حل کر لیا جائے گا۔

