ممبئی: بھارتی موسیقی کی دنیا کے ممتاز گلوکار اریجیت سنگھ نے پلے بیک گلوکاری سے اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے سُروں کی دنیا میں دھماکے دار واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اریجیت سنگھ نے بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کی آنے والی نئی فلم ‘آوارہ پن 2’ (Aawarapan 2) کے پہلے گانے ‘یہ آوارہ پن’ کے لیے ایک بار پھر پلے بیک گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔
اس گانے کے لیے اریجیت سنگھ نے فلم کے معروف پروڈیوسر وشیش بھٹ اور موسیقی نگار امل ملک کے ساتھ دوبارہ ہاتھ ملایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پروڈیوسر وشیش بھٹ کی خواہش تھی کہ یہ گانا فلم میں عمران ہاشمی کے مرکزی کردار ‘شیوام پنڈت’ کی جذباتی کیفیت اور سفر کی عکاسی کرے، جس کے لیے وہ اریجیت سنگھ کی سحر انگیز آواز کو ہی سب سے بہترین اور موزوں انتخاب سمجھتے تھے۔
یہ گانا 21 جولائی کو تمام اہم میوزک اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اریجیت سنگھ نے رواں سال کے آغاز میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے اچانک بالی ووڈ پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، جس سے دنیا بھر میں موجود ان کے کروڑوں چاہنے والے شدید افسردہ ہو گئے تھے۔
تاہم ان کی اس اچانک واپسی نے موسیقی کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔

