حکومت کا اگلے 24 گھنٹوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کے تاریخی فیصلے کے نفاذ سے عین قبل، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکمشت بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی نوٹیفکیشن کے مطابق، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح، پیٹرول کی قیمت میں بھی 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اس عبوری اضافے کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے، جو اوگرا کے باقاعدہ یومیہ مانیٹرنگ سسٹم کے فعال ہونے تک مؤثر رہے گا۔