چین نے پاکستان کو بڑا ریلیف دے دیا، 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع

پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے ایک بار پھر معاشی تعاون کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 ارب ڈالر کے واجب الادا قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی۔ اس اقدام سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو استحکام ملے گا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق، یہ قرض 24 مارچ کو واپس کرنا تھا، لیکن چین کی جانب سے دی گئی مہلت کے باعث اب پاکستان کو ایک سال کی مزید سہولت حاصل ہوگئی ہے۔ حکومت نے چین کے اس اہم فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی معاشی بحالی اور استحکام کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق، چین کی یہ مالی مدد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں معاون ہوگی، جو کہ اقتصادی پالیسیوں کے تسلسل اور مالیاتی دباؤ کو کم کرنے کے لیے ضروری ہے۔ چین کی جانب سے اس اہم مالیاتی رعایت کے بعد پاکستان کو مزید معاشی بہتری کے لیے دیگر اصلاحاتی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع ملے گا۔