فیفا ورلڈ کپ 2026؛ میزبان میکسیکو کی 40 سال بعد تاریخی کامیابی، ایکواڈور کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی

میکسیکو سٹی: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 کے ایک اور بڑے ناک آؤٹ مقابلے میں میزبان ملک میکسیکو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایکواڈور کو صفر کے مقابلے میں دو (0-2) گول سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ اہم میچ شدید بارش اور گرج چمک کے باعث مقررہ وقت سے ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، لیکن کھیل کا آغاز ہوتے ہی ہوم گراؤنڈ پر میکسیکو کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم پر تگڑا دباؤ بنا لیا۔

یہ میکسیکو کی فٹبال تاریخ میں 1986 کے بعد یعنی پورے 40 برسوں میں ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی کامیابی ہے، جس پر پورے ملک میں جشن کا سماں ہے۔

اس شاندار فتح کے بعد اب اگلے مرحلے (پری کوارٹر فائنل) میں میکسیکو کا مقابلہ فٹبال کی عالمی طاقت انگلینڈ سے ہو گا۔

میچ کے ابتدائی 10 منٹ میں ہی میکسیکن ٹیم نے ایکواڈور کے گول پر کئی خطرناک حملے کیے، جس کے نتیجے میں جولین کوئنونیس نے گیند کو جال کے سپرد کر کے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔

اس گول کے کچھ ہی دیر بعد، ایکواڈور کے دفاعی کھلاڑی کی ایک فاش غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹار فارورڈ راول خیمنیز نے گیند کو دوبارہ گول پوسٹ میں ڈال کر اسکور 2-0 کر دیا۔

پہلے ہاف میں ملنے والی یہ برتری دوسرے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ اگرچہ ایکواڈور کے گونزالو پلاٹا نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ میکسیکو کے مضبوط دفاع کو نہ توڑ سکے۔

میچ کے آخری لمحات میں ایکواڈور کی مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب ان کے کھلاڑی پیئرو ہنکاپیے کو مخالف کھلاڑی سے بات کرتے ہوئے منہ ڈھانپنے پر ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا، اور اس شکست کے ساتھ ہی ایکواڈور کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہو گیا۔