پاک سعودی کرکٹ میں تاریخی پیش رفت؛ جدہ میں جدید بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان

جدہ: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان مملکت میں کرکٹ کے فروغ، انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک تاریخی اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

اس تاریخی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک جدید اور بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

اس منصوبے کی سب سے بڑی پیش رفت یہ ہے کہ مستقبل میں پاکستان سپر لیگ (PSL) کے میچز اور دیگر بین الاقوامی کرکٹ میچز بھی اس اسٹیڈیم میں منعقد ہو سکیں گے۔

اس اہم ترین معاہدے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے باقاعدہ دستخط کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا برادرانہ کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک ایسی پائیدار شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کھیل کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی ایک نئی اور مضبوط جہت دے گی۔

سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری صرف اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد بنے گا۔

سعودی کرکٹ فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق، اس ایم او یو کا بنیادی مقصد سعودی عرب میں کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانا اور سعودی وژن 2030 کے اہم اہداف کی حمایت کرنا ہے۔

وژن 2030 کے تحت مملکت میں کھیلوں کے شعبے کو وسعت دینا، عوامی شرکت کو بڑھانا، اسپورٹس ٹورازم کو فروغ دینا اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔

جدہ میں بین الاقوامی اسٹیڈیم کی تعمیر سے سعودی عرب کے ان عزائم کو تقویت ملے گی جس کے تحت وہ مستقبل میں بڑے عالمی کرکٹ ٹورنامنٹس اور دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔

معاہدے کے تحت جدید انفرا اسٹرکچر کے علاوہ دونوں بورڈز نوجوان کھلاڑیوں، کوچز اور میچ آفیشلز کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مشترکہ تکنیکی پروگرامز، مختلف لوکل ٹورنامنٹس اور مہارتوں کے تبادلے پر خصوصی توجہ دیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی کرکٹ فیڈریشن کو سعودی وزارتِ کھیل، سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی اور وژن 2030 پروگرام کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے۔

دونوں اداروں کی جانب سے اس مشترکہ معاہدے کا اعلان کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑے اور مثبت انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔