جنگ کی طویل رات ختم، امن کا سورج طلوع ہو گیا؛ جنیوا میں امریکہ ایران تاریخی معاہدے کی میزبانی پاکستان کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے معزز ایوان میں ایک تاریخی اور جذباتی خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ طویل اور تاریک رات کے بعد بالاخر دنیا میں امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے اور امریکہ اور ایران نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر اپنی تمام فوجی کارروائیوں کو فوری اور مستقل طور پر روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے اس عظیم ترین سفارتی کامیابی پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک بڑا انکشاف کیا کہ دونوں عالمی قوتوں کے درمیان طے پانے والے اس تاریخی امن معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی کا عالمی اعزاز پاکستان کو حاصل ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان کوئی عام معاہدہ نہیں بلکہ یہ امن، مکالمے اور دانش مندی کی عظیم فتح اور تباہ کن جنگ کی مستقل شکست ہے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس نازک اور کٹھن سفارتی مشن کی کامیابی کا سہرا عسکری اور سیاسی قیادت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عظیم فرزند فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ذکر کیے بغیر ان کی یہ تقریر بالکل ادھوری رہے گی۔
فیلڈ مارشل نے جنگ کے شعلے بجھانے اور عالمی امن کے قیام کے لیے دن رات شب و روز محنت کی اور متعدد مشکل مراحل اور نشیب و فراز کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ اگر خلوص، استقامت اور دانشمندی کا یہ سفر جاری نہ رہتا تو شاید امن کا خواب بکھر جاتا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے میاں نواز شریف کی سرپرستی، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی مخلصانہ خدمات کو بھی زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے عالمی سطح پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی صدر کو کٹھن حالات میں تدبر اور صبر کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے مذاکرات کے اس صبر آزما عمل میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے انتہائی مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور چین کے صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس امن عمل کو آگے بڑھانے میں بھرپور مشاورت اور تعاون فراہم کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے آج پاکستان کو وہ عزت اور عالمی وقار عطا کیا ہے جسے قومیں صدیوں تلاش کرتی ہیں۔ جنگ کے تباہ کن اثرات سے جہاں عالمی معیشت متاثر ہوئی وہیں پاکستان پر بھی شدید دباؤ آیا، لیکن پاکستانی قوم نے جس صبر کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ دید ہے۔
انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ اس تاریخی امن معاہدے کے نتیجے میں حاصل ہونے والے عالمی معاشی ثمرات کو بروئے کار لا کر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر شہری کی دہلیز تک ریلیف پہنچائیں گی اور جب تک یہ ذمہ داری پوری نہیں ہو جاتی، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔

