وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مالی سال 2026-27ء کے وفاقی بجٹ میں غریب آدمی کے لیے کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا بلکہ یہ بجٹ مکمل طور پر ریلیف پر مبنی ہے اور ملک اب حقیقی خوشحالی کے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 ہزار 771 ارب روپے کے اس تاریخی بجٹ میں ہر طبقے کی ڈیمانڈ اور گنجائش کو پورا کیا گیا ہے، اور آج جب ملک میں میکرو اکنامک استحکام آ چکا ہے تو اپوزیشن کو بھی کھلے دل سے اس مثبت اقدام کو تسلیم اور اس کی تعریف کرنی چاہیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتہائی مشکل معاشی حالات میں اقتدار سنبھالا تھا اور تاریخ ہمیشہ اس قدم کو یاد رکھے گی جب وزیراعظم شہباز شریف نے نعرہ لگایا تھا کہ وہ ریاست کو بچائیں گے چاہے ان کی سیاست ہی کیوں نہ قربان ہو جائے۔
عطا اللہ تارڑ نے تنخواہ دار طبقے کو ملنے والے ٹیکس ریلیف کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ 50 ہزار روپے ماہانہ تک تنخواہ کمانے والے نچلے طبقے پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا ہے، جبکہ جس کی تنخواہ 50 ہزار سے 1 لاکھ روپے کے درمیان ہے اس پر صرف 1 فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے، جو کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے ایک خاطر خواہ ریلیف ہے۔
انہوں نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب ملک کے ڈیفالٹ ہونے پر شرطیں لگ رہی تھیں، کاروباری طبقہ پس چکا تھا اور ایل سیز (LCs) نہیں کھل رہی تھیں، جبکہ اپوزیشن کے وزرائے خزانہ نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے تاکہ پاکستان کو بیل آؤٹ پیکیج نہ مل سکے، لیکن حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ وہ میٹنگز نہ ہوتیں تو آج ملک میں یہ معاشی خوشحالی اور استحکام ہرگز نہ آتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ملکی معیشت کی موجودہ بہتر صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ حکومت اور ملکی اداروں کی مشترکہ کاوشوں، خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ٹیم کے کلیدی کردار کی وجہ سے زرِ مبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 17.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے اور شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال شہباز شریف کی نگرانی میں انفورسمنٹ کی مد میں 800 ارب روپے جبکہ صرف شوگر انڈسٹری سے 60 ارب روپے ریکور کیے گئے۔ ایف بی آر میں کی جانے والی ان اصلاحات کے تحت ایسا منصفانہ نظام لاگو کر دیا گیا ہے جہاں ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ اب ٹیکس دینے والا طبقہ نہیں اٹھائے گا۔
انہوں نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہوئی ہے اور پوری دنیا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن و ترقی کی کاوشوں کو سراہ رہی ہے۔

