حکومت کا پیٹرولیم لیوی کی شرح میں بڑا ردوبدل، پیٹرول پر لیوی کم جبکہ ڈیزل پر اضافہ کر دیا گیا

وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم لیوی کی شرح میں بڑا ردوبدل کرتے ہوئے آج سے پیٹرول پر لیوی میں کمی اور ڈیزل پر اضافہ کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جاری کردہ سرکاری دستاویزات کے مطابق پیٹرول پر عائد لیوی میں فی لیٹر 9 روپے 24 پیسے (بعض تجاویز کے مطابق 9 روپے 34 پیسے) کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی اب 116 روپے 8 پیسے کے بجائے کم ہو کر 106 روپے 24 پیسے (یا 106 روپے 74 پیسے) فی لیٹر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد لیوی میں 8 روپے 67 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ڈیزل پر لیوی 44 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 53 روپے 26 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

لیوی میں اس ردوبدل کے ساتھ ہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 373 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے اور اس کی نئی قیمت 378 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں اور لیوی میں اس تبدیلی کے باوجود ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول پر ڈیلرز مارجن کو 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے، تاہم پیٹرول و ڈیزل سستا ہونے کے بعد مٹی کا تیل کچھ مہنگا ہو گیا ہے۔

حکومت نے دیگر پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی پرانی شرح کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مٹی کے تیل پر فی لیٹر لیوی 20 روپے 36 پیسے پر برقرار رہے گی۔

اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل آئل پر فی لیٹر لیوی 15 روپے 84 پیسے، ہائی اوکٹین پر لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر جبکہ فرنس آئل پر لیوی 77 روپے فی لیٹر ہے، جن کی شرح میں اس بار کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ان نئی قیمتوں اور لیوی کی شرح کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔