عوام کے لیے ریلیف؛ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی، ڈیزل کی قیمت برقرار

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے کمی کا اعلان کر دیا ہے، تاہم ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے (6 جون) سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے کی حالیہ کمی کے بعد نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے کی بڑی کمی کی تھی، جس سے پیٹرول 403 روپے سے کم ہو کر 381 روپے پر آ گیا تھا۔ مسلسل دوسری بار قیمتوں میں کمی کو مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ایک طرف جہاں وفاق نے قیمتیں کم کی ہیں، وہیں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت نے شدت اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی شہروں میں پیٹرول پمپس پر ایندھن دستیاب نہیں ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع خور پیٹرول اور ڈیزل 500 روپے فی لیٹر تک فروخت کر رہے ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قلت کے باعث ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہونے سے اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف قیمتوں میں کمی کاغذوں تک محدود نہ رکھی جائے بلکہ سپلائی لائن کو بھی بحال کیا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سپلائی کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور جلد ہی بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول پر آ جائے گی۔