مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ 5 جون کو پیش کیے جانے کا امکان؛ صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرلیے

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ 5 جون 2026 کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس سلسلے میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے علاحدہ علاحدہ بجٹ اجلاس طلب کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس جمعہ 5 جون کو منعقد ہوں گے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5:00 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں وفاقی بجٹ پیش کیا جائے گا جبکہ سینیٹ کا اجلاس شام 6:00 بجے طلب کیا گیا ہے جہاں مالیاتی امور اور بجٹ تجاویز پر بحث ہوگی۔

آئندہ چند روز میں دونوں ایوانوں کا باقاعدہ ایجنڈا بھی جاری کر دیا جائے گا، جس کے بعد بجٹ دستاویز پر بحث اور منظوری کا باقاعدہ عمل شروع ہوگا۔