مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.71 روپے کا اضافہ

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کر دیا ہے، تاہم غریب طبقے کے زیرِ استعمال مٹی کے تیل کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ملک میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے نمایاں کمی کی گئی ہے، جبکہ مٹی کا تیل مزید مہنگا ہو گیا ہے۔

پٹرول اور ڈیزل کے برعکس مٹی کے تیل (Kerosene Oil) کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 71 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اس اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 313 روپے 44 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جس سے دیہی اور پسماندہ علاقوں کے صارفین پر اضافی بوجھ پڑے گا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی سے ملک میں مہنگائی کی شرح کو نیچے لانے میں مدد ملے گی، تاہم مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بار بار کا اضافہ تشویشناک ہے۔