حکومت کا مسلسل دوسرے ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، پیٹرول 6 روپے اور ڈیزل 6 روپے 80 پیسے سستا

اسلام آباد: مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کے لیے حکومت نے مسلسل دوسرے ہفتے راحت کا پیغام جاری کیا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 410 روپے کی نفسیاتی حد سے نیچے آگئی ہیں۔

وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے کی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 80 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے۔

حالیہ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت: 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت ہو گی۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ جمعے بھی عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔

اس سے قبل قیمتوں میں بڑے اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل 414 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔ دو ہفتوں کے دوران ہونے والی اس مجموعی کمی سے پیٹرول کی قیمت میں اب تک 11 روپے فی لیٹر کا ریلیف مل چکا ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور بعض صورتوں میں اضافے کے باوجود، پاکستانی عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچانے کے لیے مقامی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی ان نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے پورے ملک میں ہوگا۔

معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی سے مال برداری کے اخراجات میں کمی آئے گی، جس کا اثر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کی صورت میں نکل سکتا ہے۔