ایلون مسک دنیا کے پہلے "کھرب پتی” بننے کے قریب

نیویارک: دنیا کے امیر ترین شخص اور معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک اب دنیا کے پہلے ‘ٹریلین ایئر’ یا کھرب پتی (ایک ہزار ارب ڈالرز کے مالک) بننے کے انتہائی قریب پہنچ گئے ہیں۔

یہ تاریخی سنگِ میل ان کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) کے اس بڑے منصوبے کے باعث ممکن دکھائی دے رہا ہے، جس کے تحت کمپنی کو پبلک کر کے امریکی اسٹاک مارکیٹ میں لایا جا رہا ہے۔

رپورٹس اور اندرونی دستاویزات کے مطابق، اسپیس ایکس جون 2026 کے وسط میں اپنی ابتدائی پبلک آفرنگ (آئی پی او) لانے کا ہدف طے کر چکی ہے۔ کمپنی کا مقصد خود کو ریکارڈ 1750 ارب ڈالرز کی ممکنہ مارکیٹ ویلیو کے ساتھ مارکیٹ میں پیش کرنا ہے۔

چونکہ ایلون مسک اسپیس ایکس میں 42 فیصد حصص (Shares) کے اکیلے مالک ہیں، اس لیے کمپنی کی اس قدرِ قیمت کے ساتھ ہی ان کی ذاتی دولت ایک ہزار ارب ڈالرز کے ہندسے کو عبور کر جائے گی۔

آئی پی او کی دستاویزات میں سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے ایک انتہائی دلچسپ اور چونکا دینے والا مؤقف اپنایا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ چاند اور مریخ پر مستقل انسانی بستیوں کے قیام کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز اکٹھے کرنا چاہتی ہے کیونکہ زمین پر انسانیت کی بقا کو مستقبل میں خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

دستاویزات میں واضح لکھا گیا کہ ہم نہیں چاہتے کہ انسانوں کی قسمت بھی ماضی کے ڈائنوسارز جیسی ہو جو زمین پر ایک بڑی آفت کے باعث ہمیشہ کے لیے ختم ہو گئے تھے۔ نئی دنیاؤں تک رسائی ناگزیر ہے۔

اگرچہ دستاویزات میں رقم کا حتمی ذکر نہیں، تاہم مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایلون مسک اس آئی پی او کے ذریعے 75 ارب ڈالرز کی خطیر سرمایہ کاری اکٹھی کرنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ اسپیس ایکس وہی کمپنی ہے جس نے دنیا کے پہلے بار بار استعمال ہونے والے راکٹس بنائے اور دنیا بھر میں ‘اسٹار لنک’ (Starlink) کا سیٹلائٹ انٹرنیٹ نیٹ ورک بچھا رکھا ہے۔

ایلون مسک کے پاس کھرب پتی بننے کا ایک اور راستہ ان کی الیکٹرک کار کمپنی ‘ٹیسلا’ (Tesla) بھی ہے۔ ٹیسلا نے ایلون مسک کے لیے ایک ہزار ارب ڈالرز کے معاوضے کے پیکج کی منظوری دے رکھی ہے، لیکن اس کے لیے کچھ کڑے اور مشکل ترین اہداف رکھے گئے ہیں۔

  • مسک کو ٹیسلا کی موجودہ 1500 ارب ڈالرز کی مارکیٹ ویلیو کو بڑھا کر 8500 ارب ڈالرز تک پہنچانا ہوگا۔
  • اسی طرح اسپیس ایکس کو پبلک کرنے کے بعد کمپنی کی آمدنی میں راتوں رات نمایاں اضافہ کرنا ہوگا جو ایک بڑا کاروباری چیلنج ہے۔
  • ٹیکنالوجی اور معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ چاہے ایلون مسک ٹیسلا کے ذریعے ٹریلین ایئر بنیں یا اسپیس ایکس کے آئی پی او سے، ان کا یہ سفر کاروباری دنیا کی تاریخ بدل کر رکھ دے گا۔