مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے بڑی خوشخبری؛ جون میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا، صارفین 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے محفوظ

اسلام آباد: وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن نے شدید گرمی کے موسم میں بجلی کے صارفین کے لیے ایک بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون کے مہینے میں بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

حکومت کے بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ (FCA) کے بھاری بوجھ سے کامیابی سے بچا لیا گیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں ایل این جی کی بندش اور مجبوری میں مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود حکومت نے ایسی حکمتِ عملی اپنائی جس سے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑا۔ پاور ڈویژن نے عوام کو ممکنہ 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچاتے ہوئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو محض 1.73 روپے فی یونٹ کے اضافے پر ہی روک دیا۔

ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی طلب (ڈیمانڈ) میں اضافے اور حکومت کے اسپیشل پیکیج کی بدولت یہ بڑا ریلیف ممکن ہو پایا۔ اس کے علاوہ مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس (Imported Coal Plants) سے بھرپور پیداوار حاصل کی گئی، جس سے نہ صرف قیمت کنٹرول میں رہی بلکہ ملک میں لوڈ مینجمنٹ (لوڈ شیڈنگ) کو بھی نمایاں حد تک کم کیا گیا۔

پاور ڈویژن نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی (Quarterly Adjustment) میں بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 65 ارب روپے کی واپسی ممکن بنائی گئی ہے۔

"پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بدولت صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ کا براہِ راست ریلیف دیا گیا۔ اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تمام منفی اثرات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، جس کے باعث انتہائی مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف ملا۔”

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا، بلکہ صارفین کو تقریباً 20 پیسے فی یونٹ تک مزید ریلیف ملنے کی قوی توقع ہے، جو کہ عوام کے لیے اس سخت موسم میں ایک بڑی راحت ثابت ہوگا۔