اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) نے ملک بھر میں اپنے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ آج سے انٹرنیٹ سروسز میں سست روی یا عارضی تعطل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ صورتحال ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل میں ضروری مرمتی کام کے باعث پیدا ہوگی۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم کے تحت یہ مرمتی کام 11 مئی سے شروع ہو کر 18 مئی تک جاری رہے گا۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس ایک ہفتے کے دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی، بفرنگ یا کنیکٹیویٹی کے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبل کی یہ مرمت طویل المعیاد بنیادوں پر انٹرنیٹ کے معیار کو بہتر بنانے اور سروس میں استحکام لانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق چونکہ پاکستان کی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا انحصار زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبلز پر ہوتا ہے، اس لیے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی کسی بھی تکنیکی تبدیلی کے اثرات ملک بھر میں محسوس کیے جاتے ہیں۔
پی ٹی سی ایل نے صارفین سے اس عارضی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے تعاون کی اپیل کی ہے۔

