پاکستان کے لیے بڑی معاشی کامیابی؛ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے 1.2 ارب ڈالر کی قسط منظور کر لی

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

واشنگٹن میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد قرض کی فراہمی کی توثیق کی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قسط کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تمام پیشگی شرائط اور اقدامات مکمل کر لیے تھے، جس کے بعد یہ منظوری حاصل ہوئی۔

ذرائع کے مطابق، منظور شدہ رقم میں سے ایک ارب ڈالر ای ایف ایف پروگرام کے تحت جبکہ تقریباً 20 کروڑ ڈالر (210 ملین ڈالر) موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ‘ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی’ (RSF) کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اس قسط کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ 27 مارچ کو طے پایا تھا۔ اس منظوری کے بعد موجودہ پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک مجموعی طور پر 3.3 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ رقم جلد ہی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو جائے گی، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور روپے کی قدر کو استحکام ملے گا۔