چیٹنگ سے سوشل میڈیا تک؛ واٹس ایپ میں اے آئی ٹولز اور میوزک اسٹیٹس کی آمد

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ خود کو محض ایک چیٹنگ پلیٹ فارم سے نکال کر ایک مکمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ 2026 کے لیے وضع کردہ منصوبے کے تحت واٹس ایپ میں ایسی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جو اس کے استعمال کا تجربہ کافی حد تک انسٹا گرام جیسا بنا دیں گی۔

واٹس ایپ کے نئے ڈیزائن میں سب سے اہم تبدیلی ‘اسٹیٹس’ کے حوالے سے ہے۔ اب اسٹیٹس دیکھنے کے لیے علیحدہ ٹیب میں جانے کے بجائے، انسٹا گرام اسٹوریز کی طرح کانٹیکٹس کے اسٹیٹس براہ راست مرکزی چیٹ ٹیب کے اوپر نظر آئیں گے۔

جب بھی ایپ اوپن کی جائے گی، اوپر کی جانب تین کانٹیکٹس کے اسٹیٹس دکھائی دیں گے، جبکہ مکمل لسٹ دیکھنے کے لیے اسکرول ڈاؤن کیا جا سکے گا۔ اس فیچر کی آزمائش فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، 2026 میں واٹس ایپ ‘یوزر نیم’ سسٹم متعارف کروائے گا، جس کے بعد صارفین کو ایک دوسرے سے رابطے کے لیے فون نمبر دینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ فیچر بالکل انسٹا گرام کی طرح کام کرے گا، جس سے صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر ہوگی۔

واٹس ایپ کے نئے ڈیزائن میں ‘فلوٹنگ چیٹ بار’ اور ایک ‘شفاف نیویگیشن بار’ بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اہم فیچرز درج ذیل ہیں:

انٹرایکٹو اسٹیٹس: اسٹیٹس میں میوزک شامل کرنا، اسٹیٹس لائیک کرنا اور "ایڈ یوئرس” (Add Yours) جیسے فیچرز۔

جدید اباؤٹ سیکشن: ‘اباؤٹ’ میں ایسے مختصر پیغامات جو 24 گھنٹے بعد خود بخود ختم ہو جائیں گے۔

مصنوعی ذہانت (AI): اے آئی ٹولز کے ذریعے تصاویر ایڈٹ کرنے اور پیغامات لکھنے میں مدد ملے گی۔

انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج: صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے نیا اسٹوریج سسٹم۔

میٹا کی جانب سے ان تبدیلیوں کو بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے، تاہم کچھ صارفین کا خدشہ ہے کہ ان سوشل فیچرز کی شمولیت سے واٹس ایپ کی روایتی سادگی متاثر ہو سکتی ہے۔ غالب امکان یہی ہے کہ مکمل ری ڈیزائن شدہ ایپ آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔