"دنیا پاکستان کے ساتھ جڑنے پر فخر کرتی ہے”، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا بھارت کو کرارا جواب
اسلام آباد میں "معرکہ حق” کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج پاکستان سفارتی اور عسکری سطح پر دنیا میں ایک بلند مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر لوگ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو فخر سمجھتے ہیں، جبکہ سرحد کے دوسری پار صرف تاریکی، تنہائی اور رسوائی ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کلبھوشن یادو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اس کا مقابلہ کر رہا ہے اور اس جنگ میں ہمارا ہر طبقہ قربانیاں دے رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے ‘معرکہ حق’ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جے 10 (J-10) اور فتح میزائل سسٹم نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج 4 دن کی بڑھکوں کے بعد محض 4 گھنٹوں میں پسپا ہو گئیں اور پاکستان نے دشمن کے طیارے گرا کر عملی میدان میں اپنی برتری ثابت کی۔
بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے ہمیں صرف "مزاحیہ مواد” فراہم کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جب بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلا رہا تھا، تب پاکستانیوں نے ان کے یوٹیوب چینلز پر اپنے ملی نغمے چلا دیے۔ اس بار ہماری "جین زی” (Gen Z) کی سوشل میڈیا اسٹریٹیجی بیانیے کی جنگ میں مکمل کامیاب رہی۔
وزیرِ اطلاعات نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف اور پاک فضائیہ کی حکمتِ عملی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ملک اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جبکہ دشمن فلمیں اور گانے بنا کر جنگ جیتنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔

