پی آئی اے کی نجکاری میں بڑی پیش رفت؛ سی سی پی نے عارف حبیب کنسورشیم کو حصص کی منتقلی کی منظوری دے دی
اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (PIA) کی نجکاری کا عمل حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں قائم کنسورشیم کو پی آئی اے کے حصص حاصل کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
اس منظوری کے ساتھ ہی کنسورشیم میں ایک اور بڑے ادارے ‘فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ’ (FFC) کی بطور شیئر ہولڈر شمولیت کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ‘پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ’ نے فوجی فرٹیلائزر کو اپنے شیئر ہولڈرز میں شامل کر لیا ہے۔ اب یہ خصوصی کمپنی (SPV) درج ذیل بڑے گروپس پر مشتمل ہے:
- عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ
- فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ
- فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ
- اے کے ڈی (AKD) گروپ
- دی سٹی اسکول گروپ
- لیک سٹی ہولڈنگز
سی سی پی نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت ‘فیز ون’ جائزے کے بعد اس حصول کی منظوری دی۔ کمیشن نے قرار دیا کہ چونکہ خریدار کنسورشیم پہلے سے ایوی ایشن کے شعبے میں سرگرم نہیں، اس لیے اس سودے سے مارکیٹ میں مسابقت متاثر نہیں ہوگی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ بین الاقوامی روٹس پر امارات اور قطر ایئرویز، جبکہ مقامی سطح پر ایئر سیال، ایئر بلیو اور فلائی جناح جیسی ایئر لائنز کی موجودگی مسابقت کو برقرار رکھے گی۔
پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ اب پی آئی اے کارپوریشن کے حصول اور مستقبل میں اس کی نگرانی کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔
نجکاری کمیشن کے زیرِ نگرانی ہونے والے اس سودے سے توقع ہے کہ ایئر لائن کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئے گی، سروس کا معیار بڑھے گا اور حکومت پر مالی بوجھ میں نمایاں کمی ہوگی۔
کنسورشیم کے مطابق، سودے کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے نجکاری کمیشن کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے۔

