گیس صارفین کے لیے بری خبر؛ ملک بھر میں نئے کنکشنز کی فراہمی پر ایک بار پھر پابندی کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں گیس کے نئے کنکشنز کی فراہمی پر ایک بار پھر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق اس پابندی کی زد میں گھریلو اور کمرشل، دونوں اقسام کے صارفین آئیں گے۔

وزارتِ پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ یہ سخت فیصلہ ملک میں جاری ایل این جی (LNG) بحران کے باعث کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نئے گیس کنکشنز مہنگی درآمدی آر ایل این جی (RLNG) کی بنیاد پر دیے جا رہے تھے، تاہم عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں نے حکومت کو یہ قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال کا براہِ راست تعلق خطے کی کشیدہ صورتحال سے ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق، دو ہفتوں بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور بہتری کی صورت میں درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ تاہم، اگر آبنائے ہرمز کی گزرگاہ نہ کھلی اور سپلائی بحال نہ ہوئی تو اس پابندی کو مستقل کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے محض چند ماہ قبل ہی نئے گیس کنکشنز پر سے طویل عرصے بعد پابندی ہٹائی تھی، مگر اب توانائی کے بڑھتے ہوئے بحران نے شہریوں کی امیدوں پر پھر پانی پھیر دیا ہے۔