پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ، پٹرول 6 روپے 51 پیسے جبکہ ڈیزل 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر مہنگا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی منڈی کے تغیرات اور ٹیکس اہداف کے پیشِ نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 6 روپے 51 پیسے اور 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات (یکم مئی) 12 بجے سے ہو جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت 393 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 399 روپے 86 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل، جو ٹرانسپورٹ اور زراعت میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 380 روپے 19 پیسے سے بڑھ کر 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت نے قیمتوں کے ساتھ ساتھ پٹرولیم لیوی کے ڈھانچے میں بھی تبدیلی کی ہے۔ پٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 3 روپے 88 پیسے کی کمی کی گئی ہے، تاہم ڈیزل پر، جس پر پہلے لیوی صفر تھی، اب 28 روپے 69 پیسے فی لیٹر لیوی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کی تعطیل کے باعث قیمتوں کا اعلان ایک روز قبل ہی کر دیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے نئے طوفان کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔

