زیراعظم شہباز شریف نے "اپنا گھر اسکیم” کا سنگِ بنیاد رکھ دیا؛ ایک کروڑ روپے تک قرض، 20 سالہ مدت اور آسان اقساط کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے "اپنا گھر اسکیم” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران وزیراعظم نے مستحق افراد میں بینک چیکس تقسیم کیے اور اعلان کیا کہ وہ اس منصوبے کی پیش رفت کا ہر ماہ خود جائزہ لیں گے۔

یہ اسکیم چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے شہریوں کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہوگی۔

وزیراعظم نے اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہری 25 لاکھ، 50 لاکھ، 75 لاکھ اور ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر سکیں گے۔ قرض کی واپسی کے لیے 20 سال کی طویل مدت مقرر کی گئی ہے۔

پہلے 10 برسوں کے لیے مارک اپ کی شرح 5 فیصد فکسڈ ہوگی، جبکہ اگلے 10 سال نارمل مارک اپ وصول کیا جائے گا۔ 25 لاکھ روپے قرض لینے والوں کو ماہانہ صرف 16,499 روپے قسط ادا کرنا ہوگی۔

اہلیت اور فنانسنگ کا طریقہ کار:

  • پلاٹ کا سائز: 10 مرلہ تک کے پلاٹ پر گھر کی تعمیر یا بنا ہوا گھر خریدا جا سکتا ہے۔

  • فنانسنگ: گھر کی قیمت کا 90 فیصد حکومت فراہم کرے گی جبکہ 10 فیصد رقم انفرادی طور پر ادا کرنا ہوگی۔

  • ادارے: اسلامک بینک، کمرشل بینک، مائیکرو فنانس بینک اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی (HBFC) سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

  • شرط: درخواست گزار کا شناختی کارڈ ہولڈر ہونا اور کسی دوسرے بینک کا نادہندہ نہ ہونا لازمی ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ اس منصوبے کا مجموعی حجم 3.2 کھرب روپے ہے، جس میں سے 321 ارب روپے فوری فنانسنگ کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں۔

پہلے مرحلے میں 50 ہزار گھروں کے لیے قرض دیے جائیں گے، جبکہ آئندہ 4 برسوں میں یہ ہدف 5 لاکھ گھروں تک لے جایا جائے گا۔

وزیراعظم نے بینکوں کو خبردار کیا کہ جو ادارے اس قومی مقصد میں غفلت برتیں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی، جبکہ بہتر کارکردگی دکھانے والے بینکوں کو 14 اگست کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم سے تعمیراتی صنعت کو فروغ ملے گا اور آئندہ بجٹ میں عوام کے لیے مزید خوشخبریاں لائیں گے۔