مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کے لیے ایک اور آزمائش؛ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان آج ہی متوقع
اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کے درمیان حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نئے ردوبدل کا اعلان آج کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، کل یکم مئی کی عوامی تعطیل ہونے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن آج رات ہی جاری کیا جا سکتا ہے۔
ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم، اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا تو یہ بوجھ مزید بڑھ سکتا ہے۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش اور ڈیلرز کی ہڑتال سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی ترجمان اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن نے سختی سے تردید کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن نے واضح کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود سپلائی چین کو برقرار رکھا گیا ہے اور مستقبل میں بھی قلت کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
عالمی منظرنامے پر نظر ڈالی جائے تو ایران کے خلاف جنگی کارروائیوں اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتیں 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں، تاہم اب مارکیٹ میں کچھ بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 124 ڈالر سے کم ہو کر 114 ڈالر جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 104 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو 40 روپے کے بڑے اضافے سے بچانے کے لیے متحرک ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی حالیہ کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، لیکن آبنائے ہرمز کا مسئلہ فوری حل نہ ہوا تو 9 مئی کو قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔

