وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی اہم ملاقات، خطے کی صورتحال اور قومی سلامتی پر مشاورت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور قومی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی کے تناظر میں کیے گئے اقدامات پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیراعظم نے ایران امریکا جنگ کے حوالے سے پاکستان کے سفارتی کردار پر بلاول بھٹو زرداری کو اعتماد میں لیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک تھے، جنہوں نے اپنے اپنے صوبوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق حکمت عملی پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء بھی اجلاس میں شریک تھے۔