وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے نرخ برقرار رکھنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موجودہ نرخ برقرار رکھے جائیں گے اور اضافی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار قومی یکجہتی، ایثار اور اجتماعی ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے، اور حقیقی خوشی اسی وقت مکمل ہوتی ہے جب اسے مستحق افراد کے ساتھ بانٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہی ہے اور خطے میں جاری کشیدگی نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں چند ہفتوں میں 72 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 158 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہیں، جس سے مہنگائی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ انہیں پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل میں 74 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، جبکہ بعد ازاں مزید اضافے کی تجاویز بھی سامنے آئیں، تاہم انہوں نے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے یہ تجاویز مسترد کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 127 روپے فی لیٹر اور ڈیزل میں 252 روپے فی لیٹر تک اضافے کو روکنے کے لیے اربوں روپے کا بوجھ برداشت کر چکی ہے، اور آئندہ بھی جہاں تک ممکن ہوا عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں مگر اس وقت حکومت کی اولین ترجیح غریب اور متوسط طبقے کو سہارا دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مستقل حل نہیں، تاہم موجودہ حالات میں عوام کو ریلیف دینا ناگزیر ہے۔

انہوں نے عوام اور خصوصاً صاحب حیثیت طبقے پر زور دیا کہ وہ کفایت شعاری اور سادگی کو اپنائیں، غیر ضروری اخراجات سے گریز کریں اور قومی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں۔

خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے دعا کی کہ خطے میں جاری کشیدگی جلد ختم ہو اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔